مون سون سے قبل انتظامات مکمل، واسا کو جدید مشینری فراہم کر دی، عظمیٰ بخاری
07-21-2026
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مون سون بارشوں سے قبل ضروری اقدامات مکمل کر لئے ہیں اور صوبے میں نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں واسا قائم کر دی گئی ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 15 اضلاع میں واسا کو 272 نئی مشینری فراہم کر دی ہے، جو 12 مختلف اقسام پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں پنجاب کے تمام اضلاع کو 694 مزید نئی مشینری فراہم کی جائے گی، یہ پنجاب کی تاریخ کا واسا کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں 105 انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینکس پر تیزی سے کام جاری ہے، جن میں سے 82 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 23 پر کام جاری ہے، اس منصوبے پر 78 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے اور آئندہ 11 روز میں باقی 23 سٹوریج ٹینکس بھی مکمل ہو جائیں گے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینکس کا منصوبہ پنجاب میں پانی کے ذخیرے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کے سٹوریج سسٹم میں آئندہ 50 سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کر رہی ہیں، جبکہ تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔