9 تھانوں کی پولیس کو مطلوب کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث اشتہاری 3 سال بعد گرفتار
07-21-2026
(لاہور نیوز) شادمان پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم کو 3 سال بعد گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم رضوان کو شاہ جمال کے علاقے سے کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔ ملزم 9 تھانوں کی پولیس کو مطلوب تھا۔ ترجمان کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں پرچون کا کاروبار کرتے تھے اور شہریوں کو کاروبار میں سرمایہ کاری کا لالچ دے کر رقم وصول کرتے تھے۔ ملزمان مبینہ طور پر دھوکے سے شہریوں سے رقم اور گاڑیاں ہتھیا کر فرار ہو جاتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار اشتہاری ملزم کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔