پنجاب اسمبلی، دوہری شہریت رکھنے والوں پر سرکاری ملازمت کی پابندی کا مطالبہ
07-20-2026
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں دوہری شہریت رکھنے والے افراد کی سرکاری ملازمت سے متعلق ایک قرارداد جمع کرا دی گئی۔
قرارداد میں وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دوہری شہریت رکھنے والے افراد پر سرکاری ملازمت حاصل کرنے کی پابندی عائد کی جائے، قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن میں میڈیا پر نشر ہونے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مختلف سرکاری محکموں میں تعینات تقریباً 24 ہزار حاضر سروس ملازمین دوہری شہریت رکھتے ہیں، جبکہ ان کے اہلخانہ کی تعداد اس کے علاوہ ہے اور متعدد افراد دوہری شہریت حاصل کرنے کے عمل میں بھی ہیں۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کسی بھی ملک کی شہریت حاصل کرنے کیلئے اس ملک سے وفاداری کا حلف اٹھانا لازم ہوتا ہے، جس کے باعث دوسرے ملک سے وفاداری کا حلف اپنے ملک سے وفاداری کے حوالے سے سوالات کو جنم دے سکتا ہے، متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسی تناظر میں دوہری شہریت رکھنے والے افراد پر انتخابات میں حصہ لینے کی پابندی عائد ہے۔ قرارداد کے مطابق ملکی سالمیت سے متعلق حساس معلومات اور اہم سرکاری ریکارڈ سرکاری افسران کی تحویل میں ہوتا ہے اور وہ اہم انتظامی و پالیسی فیصلوں میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، تاہم موجودہ قوانین کے تحت دوہری شہریت ان کی سرکاری ملازمت میں رکاوٹ نہیں بنتی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دوہری شہریت رکھنے والے افراد پر سرکاری ملازمت حاصل کرنے کی پابندی عائد کرنے کیلئے مناسب قانون سازی اور ضروری اقدامات کئے جائیں۔