پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں نے خسر گنگ چوٹی سر کر کے تاریخ رقم کر دی
07-20-2026
(ویب ڈیسک) پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں نے خسر گنگ چوٹی سر کر کے تاریخ رقم کر دی۔
الپائن کلب آف پاکستان کی دوسری ویمنز خسرگنگ مہم کامیابی سے مکمل ہو گئی، جس کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی آٹھ پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں نے 6,040 میٹر بلند خسر گنگ چوٹی سر کر کے پاکستان کی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا۔ کامیاب ٹیم میں گلگت بلتستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل تھیں، مہم کی قیادت بی بی افزون نے کی، جبکہ معروف ہائی آلٹیٹیوڈ گائیڈز علی محمد ساد پارہ، صادق حسین سادپارہ اور الیاس ہُشے نے تکنیکی معاونت فراہم کی، خسر گنگ پر روپ فکسنگ کے فرائض قائد شگری نے انجام دیئے۔ الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری نے کامیاب خواتین کوہ پیماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی خواتین ہمت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیاب سمٹ ملک میں خواتین کی کوہ پیمائی کے فروغ کیلئے ایک اہم سنگِ میل ہے اور الپائن کلب مستقبل میں بھی خواتین کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مزید مواقع فراہم کرتا رہے گا۔