پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی کارروائی، 24 کلو ہیروئن برآمد، ملزمان گرفتار

07-20-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) نے لاہور میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔

ترجمان کے مطابق لاہور نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن کو موصول ہونے والی مصدقہ خفیہ اطلاع پر باٹا پور کے نواحی گاؤں ڈھیال میں متعدد کامیاب چھاپے مارے گئے، جن کے دوران 24 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ کارروائی کے دوران خاتون سمیت دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے 7 ڈرونز اور بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا، برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ برآمد شدہ اسلحے میں ایک ایس ایم جی رائفل بمعہ 6 میگزینز اور 377 گولیاں، ایک ایم فور (M4) رائفل بمعہ ایک میگزین، تین 9 ایم ایم پستول اور 800 سے زائد کارتوس شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان کا گروہ لاہور کے رہائشی علاقوں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات سپلائی کرنے میں ملوث تھا، نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس، کمانڈر بریگیڈیئر مظہر اقبال نے کہا کہ لاہور میں کی جانے والی یہ کارروائی منشیات سے پاک اور محفوظ پنجاب کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔