ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، مبینہ گینگ کا سرغنہ گرفتار

07-20-2026

(لاہور نیوز) لاہور ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ اور سڑکوں پر ہلڑبازی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک مبینہ ویلنگ گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔

ڈی ایس پی ٹریفک اشفاق خان کے مطابق ڈیفنس بلیوارڈ پر سفید لباس میں تعینات اہلکاروں  نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ ڈی ایس پی اشفاق خان  نے بتایا کہ گرفتار ملزم  نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مبینہ طور پر ون ویلنگ اور ہلڑبازی کی سینکڑوں ویڈیوز اپ لوڈ کر رکھی تھیں، کارروائی کے دوران گینگ کے دیگر مبینہ ارکان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹس اور دیگر متعلقہ ڈیٹا پولیس کو فراہم کر دیا گیا ہے تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر لاہور پولیس کے تعاون سے عادی ون ویلرز کے خلاف ڈور نوکنگ مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ خطرناک سرگرمیوں کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور اوور سپیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ویک اینڈ نائٹس کے دوران سی بی ڈی بلیوارڈ، ڈیفنس بلیوارڈ، فیز 6 اور کینال روڈ پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ سی ٹی او لاہور  نے کہا کہ سڑکوں پر ہلڑبازی، روڈ ریج اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔