مڈنائٹ بیگرز آپریشن، 109 بھکاری ٹریفک سگنلز سے گرفتار

07-20-2026

(لاہور نیوز) ٹریفک سگنلز پر پیشہ ور گداگری کے خاتمے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس نے رات گئے "مڈنائٹ بیگرز آپریشن" کے دوران 109 بھکاریوں کو گرفتار کر لیا۔

کارروائی چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کے احکامات پر انچارج بیگرز سکواڈ انسپکٹر فہمیدہ کی سربراہی میں کی گئی۔ ترجمان کے مطابق گرفتار افراد میں 57 مرد، 42 خواتین، 8 بچے اور 2 خواجہ سرا شامل ہیں، گرفتار بھکاریوں کو سوشل ویلفیئر، ایدھی ہومز جبکہ لاوارث بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ہدایت کی ہے کہ شہر کے کسی بھی ٹریفک سگنل پر کوئی بچہ، بزرگ، خاتون، خواجہ سرا یا معذوری کی آڑ میں بھیک مانگتا نظر نہیں آنا چاہئے، انہوں نے سیف سٹی ٹریفک مانیٹرنگ ٹیموں کو بھی ہدایت کی کہ وہ فیلڈ سٹاف کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ رکھیں۔ سی ٹی او کے مطابق گداگری کے خلاف مؤثر کارروائی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ان کیلئے بڑی بسیں بھی فراہم کر دی گئی ہیں، نادرا کے تعاون سے گرفتار بھکاریوں کا ڈیٹا حاصل کرکے ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جا رہی ہیں، جبکہ رات کے وقت ٹریفک سگنلز سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے عناصر کی تلاش بھی جاری ہے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ پیشہ ور گداگروں کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، عادی گداگر عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے جعلی معذوری کا سہارا لیتے ہیں، لہٰذا شہری ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں اور اس مہم میں ٹریفک پولیس کا بھرپور ساتھ دیں۔