فرض کی راہ میں شہادت پانے والے ایک اور شہید اہلکار کے اہلخانہ کو گھر مل گیا

07-20-2026

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کا شہدا کے اہلخانہ کی فلاح کا سلسلہ جاری ہے۔

پنجاب پولیس نے اپنے شہدا کے اہلخانہ کو رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے عزم کے تحت فرض کی راہ میں شہادت پانے والے ایک اور اہلکار کے خاندان کو گھر فراہم کر دیا، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہید کانسٹیبل انس ستار کے اہلخانہ کیلئے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر ان کی پسند کے مطابق ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں خرید کر دیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس  نے بتایا کہ شہید کے اہلخانہ کیلئے گھر کی خریداری کے فنڈز حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے، شہید کانسٹیبل انس ستار  نے 2024 میں دورانِ ڈیوٹی کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کیا تھا، ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم  نے شہید کانسٹیبل انس ستار کی لازوال قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جان کی پروا کئے بغیر فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا، پنجاب پولیس اپنے اس بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس شہید کانسٹیبل انس ستار سمیت 1700 سے زائد شہدا کی امانت دار فورس ہے اور شہدا کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود اور ان کی ہر ممکن معاونت پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔