برائلر گوشت مزید مہنگا، فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ
07-19-2026
(لاہور نیوز) برائلر گوشت کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا گیا، جبکہ اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت میں 7 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کا سرکاری ریٹ 497 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے۔ قیمتوں کے نئے تعین کے مطابق برائلر زندہ مرغی کا تھوک ریٹ 329 روپے جبکہ پرچون ریٹ 343 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں اوورچارجنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ متعدد دکاندار "صافی گوشت" کے نام پر برائلر گوشت 590 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی 2 روپے فی درجن اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سرکاری نرخ 247 روپے فی درجن مقرر کر دیا گیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔