کاہنہ: پولیس وردی میں ڈکیتی کرنیوالے تین کانسٹیبل بے نقاب،دو گرفتار

07-19-2026

(لاہور نیوز) تھانہ کاہنہ کی حدود میں خیابانِ امین سوسائٹی کے قریب پولیس وردی میں جعلی ناکہ لگا کر شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے والے تین کانسٹیبلوں کے گینگ کا انکشاف ہوا ہے، کارروائی کے دوران دو اہلکار گرفتار کر لیے گئے جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان سرکاری وردی پہن کر شہریوں کو روکتے، خود کو ڈیوٹی پر مامور اہلکار ظاہر کرتے اور اسلحہ کے زور پر انہیں ڈرا دھمکا کر نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھین لیتے تھے۔ تینوں اہلکار تھانہ کاہنہ کی حدود میں باقاعدہ ناکہ لگا کر وارداتیں کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پٹرولنگ پولیس نے فوری کارروائی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران پٹرولنگ پولیس کو دیکھتے ہی تین ملزمان میں سے کانسٹیبل سجاد موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ علی حسن اور کبیر علی کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار اہلکاروں کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تینوں ملزمان پنجاب پولیس میں کانسٹیبل کے عہدے پر تعینات ہیں۔ علی حسن تھانہ سندر جبکہ کبیر علی تھانہ گارڈن ٹاؤن میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، جبکہ مفرور اہلکار سجاد بھی پنجاب پولیس کا کانسٹیبل ہے۔  ذرائع کے مطابق تینوں اہلکاروں نے مبینہ طور پر ایک منظم گینگ بنا رکھا تھا اور مختلف علاقوں میں پولیس وردی کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں کو خوفزدہ کرکے لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق مفرور کانسٹیبل سجاد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واقعہ سے متعلق اعلیٰ پولیس افسران کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ یہ بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا ملزمان اس نوعیت کی مزید وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں یا نہیں۔