سیلاب اور اربن فلڈنگ کا خدشہ، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
07-18-2026
(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کی جانب سے 20 سے 23 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال اور اربن فلڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس دوران دریائے چناب (مرالہ)، دریائے جہلم (منگلا اپ سٹریم) اور دریائے کابل کے ملحقہ نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ اسی عرصے میں دریائے جہلم، چناب اور راوی سے منسلک اہم نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا، ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور شمالی بلوچستان کے برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق 20 سے 23 جولائی کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے، حفاظتی اقدامات مکمل کرنے اور شہریوں کو بروقت آگاہ رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔