پٹرول مہنگا ہوتے ہی چنگچی رکشہ ڈرائیورز کا روزگار متاثر، ریلیف کا مطالبہ

07-18-2026

(ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد چنگچی رکشہ ڈرائیورز اور شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

چنگچی رکشہ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے سے ان کے روزگار پر براہِ راست منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث روزانہ کے اخراجات بڑھ گئے ہیں، جبکہ آمدن میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، جس سے گھر کا نظام چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ڈرائیورز  نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ایندھن کے اخراجات نے ان کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا بھی ایک بڑا چیلنج بنا دیا ہے، اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو بہت سے افراد کیلئے یہ پیشہ جاری رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔ چنگچی رکشہ ڈرائیورز  نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کی جائے یا ٹرانسپورٹ سے وابستہ محنت کش طبقے کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج متعارف کرایا جائے تاکہ ان کے معاشی مسائل میں کمی لائی جا سکے۔