گلشن راوی: خراب سینڈوچ واپس کرنے پر بیکری ملازمین کا خاتون پرمبینہ تشدد، بیکری منیجر گرفتار
07-18-2026
(لاہور نیوز) گلشن راوی کے علاقے میں ایک بیکری پر خراب سینڈوچ واپس کرنے پر خاتون کے ساتھ مبینہ تشدد کے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون انعم کے بیان پر بیکری کے منیجر بلال سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مدعیہ کے مطابق وہ خراب سینڈوچ واپس کرنے بیکری گئی تھی، تاہم ملازمین نے سینڈوچ واپس لینے سے انکار کر دیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے پر ملزمان نے ان سے بدتمیزی کی، گالیاں دیں، کپڑے پھاڑ دیے اور انہیں تھپڑ بھی مارے۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں بیکری ملازم اور خاتون کے درمیان جھگڑا دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈویژن سدرہ خان کا کہنا ہے کہ واقعہ کی قانونی کارروائی جاری ہے اور تمام شواہد کی روشنی میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، قانون کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔