تمام داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ، ایس پی موبائلز کا اچانک دورہ
07-18-2026
(لاہور نیوز) ایس پی موبائلز بلال احمد نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم مختلف ناکہ جات کا اچانک دورہ کیا اور وہاں تعینات اہلکاروں کی کارکردگی، سکیورٹی انتظامات اور چیکنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا ہے۔
دورے کے دوران انہوں نے ہدایت کی کہ اشتہاری ملزمان، عادی مجرموں اور عدالتی مفروران کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز اسلحہ اور منشیات کی روک تھام کے لیے بھی خصوصی اقدامات جاری رکھے جائیں تاکہ جرائم پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔ ایس پی موبائلز نے تمام ناکہ جات پر تعینات اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹ کے لازمی استعمال کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں اور مشکوک افراد کی چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشکوک افراد یا گاڑیوں کو شناخت کے بغیر شہر میں داخل ہونے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ بلال احمد نے ناکہ جات پر نصب تمام کیمروں کی مسلسل مانیٹرنگ اور ریکارڈنگ محفوظ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ناکے پر تعینات سٹاپر، چیکر اور کور فراہم کرنے والے اہلکار ہر وقت ایک دوسرے کے آئی کانٹیکٹ میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام اہلکار اپنے اسلحہ اور ایمونیشن سے متعلق مکمل معلومات اور مہارت رکھتے ہوں تاکہ دورانِ ڈیوٹی کسی قسم کی غفلت نہ ہو۔