فضل پورہ کوٹ خواجہ سعید میں بجلی کی بندش، شہری پریشان
07-18-2026
(لاہور نیوز) فضل پورہ، کوٹ خواجہ سعید کے علاقے میں رات گئے اچانک بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شدید گرمی اور حبس کے موسم میں کئی گھنٹوں تک بجلی نہ ہونے سے علاقہ مکین سخت پریشان رہے، مقامی رہائشیوں کے مطابق متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کرانے کے باوجود لیسکو کا عملہ بروقت بجلی بحال کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی گئی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ طویل لوڈشیڈنگ نے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کیلئے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ بجلی کی فراہمی جلد از جلد بحال کی جائے اور بار بار ہونے والی بندش کا مستقل حل نکالا جائے۔ شہریوں نے لیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے۔