پنجاب میں 177 ریلوے کراسنگز اپ گریڈ، 8 روٹس پر ڈی ایم یوز چلانے کی تیاری

07-17-2026

(لاہور نیوز) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوام کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب صوبے بھر کی 177 اَن مینڈ لیول کراسنگز کو مینڈ کرنے کی ذمہ داری سنبھالے گی، جس کے لیے 9 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔ اجلاس میں پنجاب کے 8 ریلوے روٹس پر ڈی ایم یوز (ڈیزل ملٹی پل یونٹس) چلانے کے منصوبے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے امپلیمینٹیشن ایم او یو تیار کیا جا رہا ہے جبکہ نیسپاک کی ٹیموں نے سروے شروع کر دیا ہے اور شاہدرہ ۔ نارووال سیکشن کا سروے مکمل ہو چکا ہے۔ ایم او یو کے تحت صوبے میں ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ حکومت پنجاب نے ریلوے تنصیبات کے اطراف پارکس کے قیام کے لیے بھی بجٹ مختص کر دیا ہے۔ شاہدرہ سے رائیونڈ تک ریلوے ٹریک کے اطراف 40 پارکس تعمیر کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ایک ویژنری لیڈر ہیں اور انہیں عوامی فلاح کا بھرپور احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیول کراسنگز کی بہتری سے حادثات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ ڈی ایم یوز کے آغاز سے پنجاب میں عوام کو تیز، محفوظ اور بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ حنیف عباسی نے ریلوے منصوبوں میں حکومت پنجاب کے تعاون کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔