لاہور میں ولنگٹن مال 132 کے وی گرڈ سٹیشن میں آتشزدگی سے متعدد علاقوں کی بجلی بند

07-17-2026

(لاہورنیوز) صوبائی دارالحکومت میں ولنگٹن مال 132 کے وی گرڈ سٹیشن میں بریکر پھٹنے سے آگ، متعدد علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی۔

   لیسکو ذرائع کے مطابق  132 کے وی ولنگٹن مال گرڈ اسٹیشن میں تکنیکی خرابی کے باعث بریکر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں قریبی لیسکو جی ایس ای سٹور میں آگ لگ گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے باعث گرڈ اسٹیشن بند ہو گیا، جس سے شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ دوسری جانب بجلی کی بندش سے آر اے بازار، کیولری گراؤنڈ، مدینہ کالونی، علی پارک، بھٹہ چوک، ڈیفنس، آفیسرز کالونی، والٹن روڈ اور گردونواح کے کئی علاقے متاثر ہوئے۔ علاوہ ازیں لیسکو ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جبکہ تکنیکی عملہ خرابی دور کرنے اور بجلی کی بحالی کے لیے کام کر رہا ہے۔