آٹو، ہاؤس فنانسنگ اور نجی شعبے کے قرضوں میں نمایاں اضافہ
07-17-2026
(لاہورنیوز) سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق جون 2026 میں آٹو فنانسنگ، ہاؤس فنانسنگ، پرسنل قرضوں اور نجی شعبے کو بینکوں کی جانب سے فراہم کیے گئے قرضوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جون 2026 میں آٹو فنانسنگ ماہانہ بنیاد پر 3.4 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 38 فیصد اضافے کے بعد 381 ارب 69 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق جون 2026 میں ہاؤس فنانسنگ میں ماہانہ 6.35 فیصد اور سالانہ 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گھروں کی تعمیر کے لیے بینکوں سے حاصل کیے گئے قرضوں کا حجم بڑھ کر 267 ارب 9 کروڑ روپے ہو گیا۔ مئی 2026 میں یہ حجم 251 ارب 14 کروڑ روپے تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون 2026 میں پرسنل قرضوں میں ماہانہ 2.84 فیصد اور سالانہ 7.68 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد ان قرضوں کا حجم 282 ارب 89 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق ملکی صارفین کو مجموعی قرضوں کا حجم بڑھ کر 1.15 کھرب روپے ہو گیا، جو سالانہ بنیاد پر 25.37 فیصد زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق نجی شعبے کو فراہم کیے گئے قرضوں کا حجم جون میں 11.16 کھرب روپے تک پہنچ گیا، جس میں سالانہ بنیاد پر 15.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو قرضے بڑھ کر 6.01 کھرب روپے ہو گئے، جو سالانہ 12.26 فیصد اضافے کو ظاہر کرتے ہیں جبکہ تعمیراتی شعبے کو فراہم کیے گئے قرضے 236 ارب 15 کروڑ روپے تک پہنچ گئے، جن میں سالانہ 12.27 فیصد اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق زرعی، جنگلات اور ماہی گیری کے شعبے کو فراہم کیے گئے قرضوں کا حجم 671 ارب 11 کروڑ روپے رہا، جس میں سالانہ بنیاد پر 35.64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔