بلھے شاہ ایکسپریس کی بحالی، لاہور ریلوے سٹیشن اپ گریڈ، نئی ٹرینوں کا اعلان
07-17-2026
(لاہور نیوز) وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بلھے شاہ ایکسپریس کا افتتاح کیا جا رہا ہے، یہ ٹرین 15 سال قبل بند ہوئی تھی اور اس کی دوبارہ بحالی کا عوام کو بے چینی سے انتظار تھا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے، لاہور سے واہگہ ٹرین کی بحالی کی تیاری جاری ہے جبکہ راوی ایکسپریس بھی رواں ماہ 25 یا 30 تاریخ تک چلانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیغام دیا ہے کہ اگر پورے پنجاب میں ڈی ایم جی منصوبہ شروع کیا جائے تو ایک اورنج لائن نہیں بلکہ پورے پنجاب میں اورنج لائن جیسا جدید ٹرانسپورٹ نظام نظر آئے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے میں کوچز اور لوکو موٹیوز کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے، 32 کے بجائے 64 نئی کوچز شامل کی جائیں گی جبکہ 43 جی یو لوکو موٹیوز کو اوور ہال کر کے فریٹ آپریشن کے لیے مختص کیا جائے گا، ریلوے کی استعداد میں کم از کم 32 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ لاہور ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 2 ارب روپے فراہم کیے ہیں جبکہ شاہدرہ سے رائے ونڈ تک منصوبے کے لیے بھی پنجاب حکومت مالی تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کراسنگ گیٹس کی تنصیب کے حوالے سے سندھ اور خیبرپختونخوا حکومتوں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے دور میں ایم ایل ون سمیت ایم ایل تھری منصوبے پر بھی پیش رفت یقینی بنائی جائے گی۔