2026 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 0.98 فیصد کمی ریکارڈ

07-17-2026

(لاہورنیوز) پاکستان ادارہ شماریات نے بڑی صنعتوں کی پیداوار کے تازہ اعدادوشمار جاری کر دیے، جن کے مطابق مئی 2026 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار سالانہ بنیاد پر 0.98 فیصد کم رہی، جبکہ اپریل 2026 کے مقابلے میں ماہانہ بنیاد پر 1.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

  رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے جولائی تا مئی کے 11 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی مجموعی پیداوار میں 5.77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق مئی 2026 میں آٹو موبائل سیکٹر کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 20.81 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں اس شعبے کی مجموعی پیداوار 58.82 فیصد بڑھ گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مئی 2026 میں چینی کی پیداوار میں 23.25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جولائی تا مئی کے دوران چینی کی مجموعی پیداوار 31.54 فیصد بڑھی۔ اسی طرح مئی 2026 میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 15.75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گارمنٹس سیکٹر کی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 7.05 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ دوسری جانب ادارہ شماریات کے مطابق بعض شعبوں کی پیداوار میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی، مئی 2026 میں آئرن اینڈ سٹیل کی پیداوار 12.57 فیصد کم رہی، جبکہ سیمنٹ کی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 9.36 فیصد اور کھاد کی پیداوار میں 4.77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ادویات، کیمیکلز اور ٹیکسٹائل کے بعض ذیلی شعبوں کی پیداوار میں بھی مئی 2026 کے دوران گراوٹ دیکھی گئی۔