پنجاب حکومت کے اداروں میں اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی تنصیب شروع

07-17-2026

(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے پنجاب حکومت کے مختلف محکموں میں اے ایم آئی (AMI) سمارٹ میٹرز کی مرحلہ وار تنصیب کا آغاز کر دیا۔

ترجمان لیسکو  کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اگست تک ایک ہزار اے ایم آئی سمارٹ میٹرز نصب کئے جائیں گے، جبکہ لیسکو ریجن میں پنجاب حکومت کے اداروں کے 8 ہزار 342 سنگل فیز نان اے ایم آئی میٹرز کو جدید سمارٹ میٹرز سے تبدیل کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی کی ریڈنگ، بلنگ اور مانیٹرنگ کا نظام مزید شفاف، درست اور مؤثر ہو جائے گا، جس سے بجلی کے انتظامی امور میں بہتری آئے گی۔ لیسکو کے مطابق اوکاڑہ سرکل میں پنجاب حکومت کے اداروں کے سب سے زیادہ ایک ہزار 811 نان اے ایم آئی میٹرز موجود ہیں، جہاں مرحلہ وار سمارٹ میٹرز نصب کئے جائیں گے۔ کمپنی  نے تمام سرکلز کو ہدایت جاری کی ہے کہ اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی فوری الاٹمنٹ اور ترجیحی بنیادوں پر تنصیب کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔