نواز شریف سکول آف ایمیننس منصوبہ پنجاب میں تعلیمی انقلاب کا باعث بنے گا، عظمیٰ بخاری

07-17-2026

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں، جن کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ طلبہ کو لیپ ٹاپ، سکالرشپس اور الیکٹرک بائیکس فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ نواز شریف سکول آف ایمیننس منصوبہ پنجاب میں تعلیمی انقلاب کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال اور سرگودھا میں کارڈیالوجی ہسپتال مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اور تمام ضروری ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں اضلاع کے بعد تحصیل کی سطح تک گرین الیکٹرک بسوں کا نیٹ ورک پھیلایا جا رہا ہے، شدید گرمی کے موسم میں ایئرکنڈیشنڈ الیکٹرک بسیں عام شہریوں کیلئے بڑی سہولت ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے حکومتی وسائل کو پنجاب کے کونے کونے تک پہنچا دیا ہے، پہلے عوام حکومت کو تلاش کرتے تھے لیکن اب حکومت خود عوام تک پہنچ رہی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ یہی وزیر اعلیٰ مریم نواز کی حکومت اور دیگر حکومتوں کے درمیان بنیادی فرق ہے کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو براہ راست لوگوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔