لاہور ہائیکورٹ: عدالتی حکم عدولی پر ایف آئی اے ایس ایچ او معطل
07-17-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر ایف آئی اے کے ایس ایچ او کو آئندہ سماعت تک معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس امجد رفیق نے بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دے کر شہری سے 6 ہزار ڈالر کے مبینہ فراڈ میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت پر تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ تحریری حکم میں عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ عدالت کی معاونت کے لیے ایک سینئر افسر مقرر کیا جائے۔ عدالت کو بتایا گیا تھا کہ ملزم کی کریمنل نوعیت کی واٹس ایپ چیٹ موجود ہے، تاہم ایف آئی اے افسر موجودہ درخواست گزار کی کوئی واٹس ایپ چیٹ پیش کرنے میں ناکام رہا۔ ایف آئی اے افسر نے شریک ملزم کی ایک متاثرہ شخص کے ساتھ واٹس ایپ چیٹ کا ٹرانسکرپٹ پیش کیا تھا۔ عدالتی حکم کے مطابق ملزم کے خلاف ایف آئی اے فیصل آباد میں شہری سے جعلسازی کا مقدمہ درج ہے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے شہری سے تھائی لینڈ میں ورک پرمٹ ویزہ دلوانے کے لیے 6 ہزار ڈالر وصول کیے تھے۔