پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے قبل سپلائی متاثر
07-17-2026
(لاہور نیوز) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں متوقع اضافے کے معاملے پر شہر میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بری طرح متاثر ہونے لگی۔
پٹرول پمپ مالکان کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے معمول سے بھی کم مقدار میں پٹرولیم مصنوعات فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے باعث کئی پمپوں پر ذخیرہ ختم ہو گیا ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کو پٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جانی چاہئے، تاہم سمجھ نہیں آ رہی کہ مصنوعی قلت کیوں پیدا کی جا رہی ہے، جب بھی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہوتا ہے تو سپلائی محدود ہو جاتی ہے اور قلت پیدا ہونے لگتی ہے۔ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر نے کہا کہ آئل کمپنیوں کے ڈیپوز کے باہر پٹرول سے بھرے ٹینکروں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، جن پر متعلقہ انتظامیہ کو فوری توجہ دینی چاہئے، ایسے حالات میں اضافی سپلائی فراہم کرنے کے بجائے پٹرول پمپوں کو معمول سے تقریباً 50 فیصد کم سپلائی دی جا رہی ہے، جس سے بحران مزید سنگین ہو رہا ہے۔ پٹرول پمپ مالکان نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ صرف پٹرول پمپوں پر چھاپے مارنے کے بجائے آئل کمپنیوں کے ڈیپوز پر بھی مؤثر چیک اینڈ بیلنس قائم کرے تاکہ سپلائی کا نظام شفاف اور بلا تعطل برقرار رکھا جا سکے۔