لاہور ہائیکورٹ نے شیخ ہندی مارکیٹ بھاٹی گیٹ کی دکانیں مسمار کرنے سے روک دیا
07-17-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بھاٹی گیٹ کی شیخ ہندی مارکیٹ کی دکانیں مسمار کرنے سے روک دیا،عدالت نے پیرا فورس اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس خالد اسحاق نے میاں وقار سعید سمیت دیگر دکانداروں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے میاں عرفان اکرم ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ پیرا فورس اور اسسٹنٹ کمشنر نے شیخ ہندی مارکیٹ کی دکانیں گرانے کے لیے دکانداروں کو جگہ خالی کرنے کا حکم دیا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے کوئی تحریری نوٹس جاری نہیں کیا گیا بلکہ زبانی طور پر دکانیں خالی کرنے کا کہا گیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ دکانیں ملکیتی اراضی پر قائم ہیں اور دکاندار گزشتہ تین دہائیوں سے یہاں کاروبار کر رہے ہیں۔ یہ دکانیں حکومتی ملکیت نہیں بلکہ دکانداروں کی ملکیتی ہیں۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ دکانوں کو مسمار کرنے اور سیل کرنے سے روکا جائے۔ عدالت نے فوری طور پر دکانوں کی مسماری روکنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ فریقین سے جواب طلب کر لیا۔