مون سون کے دوران نکاسی آب کا جائزہ اجلاس، بروقت ڈرینیج اولین ترجیح قرار
07-17-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں مون سون سیزن کے دوران نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہری علاقوں سے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید نے مون سون انتظامات اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ وزیر ہاؤسنگ نے نکاسی آب کے تمام آپریشنل پلانز پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ بلال یاسین نے نشیبی علاقوں کی خصوصی نگرانی اور بارش کا پانی فوری نکالنے کیلئے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں واسا کے ڈسپوزل سٹیشنز، مشینری اور جنریٹرز ہر وقت مکمل طور پر فعال رکھے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں 24 گھنٹے الرٹ رہیں، جبکہ خصوصی کیمپس بھی مسلسل فعال رکھے جائیں، فیلڈ افسران نشیبی علاقوں کے باقاعدہ دورے کریں اور صورتحال کی براہ راست نگرانی یقینی بنائیں۔ وزیر ہاؤسنگ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز جلد جدید مشینری پر مشتمل نیا فلیٹ واسا پنجاب کے حوالے کریں گی تاکہ مون سون کے دوران نکاسی آب کے آپریشنز مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے کنٹرول رومز اور ہیلپ لائنز کو مکمل فعال رکھا جائے اور ان کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، مون سون کے دوران عوام کو بروقت آگاہی اور حفاظتی تدابیر سے متعلق مؤثر کمیونیکیشن پلان پر بھی مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ذمہ داری ہے، اجلاس میں وائس چیئرمین واسا لاہور چودھری شہباز، ڈی ایم ڈیز اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔