جمعۃ المبارک: آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم
07-17-2026
(لاہور نیوز) جمعۃ المبارک کے موقع پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب عبدالکریم نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، مساجد، امام بارگاہوں، کاروباری مراکز کے اطراف اور اہم شاہراہوں پر پولیس پٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ عبدالکریم کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام، شہریوں کی جان، مال اور املاک کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہیں، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی نگرانی یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نمازِ جمعہ کے بعد پولیس افسران مساجد میں شہریوں سے ملاقات کریں، ان کے مسائل سنیں اور موقع پر ہی ان کے حل کیلئے ضروری اقدامات کریں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر پولیس کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔