وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر "سانجھی سبزی" منصوبہ پنجاب بھر میں توسیع کیلئے تیار
07-17-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مظفر گڑھ میں شروع کیا گیا عوامی فلاحی منصوبہ "سانجھی سبزی" کامیابی سے جاری ہے، جس کے تحت شہری اور دیہی علاقوں کی سرکاری خالی اراضی پر موسمی سبزیاں کاشت کر کے ضرورت مند افراد کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
سرکاری بریفنگ کے مطابق ضلع مظفر گڑھ میں 139 کنال اراضی پر قائم 140 پلاٹس میں سبزیوں کی کاشت کی جا رہی ہے، جبکہ علاقے کے لوگ اپنی ضرورت کے مطابق مفت سبزیاں حاصل کر رہے ہیں۔ منصوبے کا آغاز ضلع کے ایک مسیحی گاؤں سے کیا گیا، جہاں مقامی افراد رضاکارانہ طور پر بھی دوسروں کے لیے سبزیاں کاشت کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ محمد عثمان طاہر جپہ نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیہی علاقوں میں ایک مرلے سے ایک کنال تک سرکاری اراضی جبکہ شہری علاقوں میں صحت، لوکل گورنمنٹ، جنگلات، تعلیم اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے ملحقہ خالی زمین کو سبزیوں کی کاشت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کو عوامی فلاح کا قابلِ تقلید ماڈل قرار دیتے ہوئے پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں "سانجھی سبزی" منصوبہ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ کے اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں چیف منسٹر میرٹ بیج اور ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا اور منصوبے کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی ہدایت کی۔