فیروزوالہ: ساس اور جیٹھانی نے خاتون پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

07-17-2026

(لاہور نیوز) فیروزوالہ میں مبینہ گھریلو تشدد کا ایک ہولناک واقعہ پیش آیا، جہاں ساس اور جیٹھانی پر خاتون کو پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون، جس کی شناخت سحر کے نام سے ہوئی ہے، تقریباً 70 فیصد جھلس گئی۔ خاتون کے چہرے، چھاتی اور بازو بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جبکہ اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون ایک بیٹی اور دو بیٹوں کی ماں ہے۔ واقعہ کا مقدمہ ساس رضیہ اور جیٹھانی نبیلہ کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، جبکہ دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ فیروزوالہ میں گزشتہ پندرہ روز کے دوران مبینہ طور پر اس نوعیت کا یہ دوسرا سنگین واقعہ پیش آیا ہے، جس نے گھریلو تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔