شاہدرہ ٹاؤن پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، ہزار پتنگیں اور کیمیکل ڈور برآمد، ملزم گرفتار
07-17-2026
(لاہور نیوز) شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے پتنگیں تیار کروا کر فروخت کرنے والے مبینہ ملزم اعجاز کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے بتایا کہ ملزم پتنگوں کی ترسیل کے لیے مقامی ٹرانسپورٹ اور گتے کے ڈبوں کا استعمال کرتا تھا اور لاہور سمیت دیگر اضلاع میں پتنگوں کی سپلائی میں ملوث تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی ایک ہزار تیار پتنگیں اور کیمیکل ڈور کی 40 چرخیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔