بغیر اجازت سمیں جاری کرنے پر موبائل کمپنیوں پر بھاری جرمانہ عائد

07-16-2026

(لاہور نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی اجازت کے بغیر شناختی کارڈز پر سمیں جاری کرنے کے معاملے پر چاروں بڑی موبائل کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 74 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کر دیئے۔

پی ٹی اے نے اپنے فیصلوں میں موبائل کمپنیوں کو سم اجرا کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے جرمانے مقررہ مدت میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اتھارٹی کے مطابق فرنچائزز کی خلاف ورزیوں کی ذمہ داری بھی متعلقہ موبائل کمپنی پر عائد ہو گی، کیونکہ کمپنیوں نے فرنچائزز اور بائیومیٹرک تصدیقی نظام کی مؤثر نگرانی نہیں کی۔ پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی سموں کا اجرا شناختی چوری، سائبر فراڈ اور مالی جرائم جیسے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔