سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں میڈیکولیگل رپورٹس آن لائن کرنے کا فیصلہ
07-16-2026
(لاہور نیوز) سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں میڈیکولیگل کیسز کی رپورٹنگ آن لائن نہ ہونے کا معاملہ ایک بار پھر زیر غور آیا، جس پر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس اور رپورٹس کے اجرا کے عمل کو فوری طور پر آن لائن کیا جائے،ایم ایس صاحبان اس حوالے سے اپنی ذمہ داری کا بھرپور مظاہرہ کریں اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ عظمت محمود نے واضح کیا کہ میڈیکولیگل کی دستی (مینوئل) رپورٹس کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے لیے جلد اقدامات مکمل کیے جائیں۔