پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کی کوششیں، چین، روس، ترکیہ اور سعودیہ کی دلچسپی
07-16-2026
(لاہورنیوز) حکومت نے پاکستان سٹیل ملز (پی ایس ایم) کی ازسرنو بحالی کے لئے کوششیں تیز کر دیں۔
ذرائع وزرات صنعت و پیداوار کے مطابق چین اور روس کے سرمایہ کاروں کے بعد ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے بھی منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، جبکہ سعودی عرب نے بھی پاکستان سٹیل ملز میں ممکنہ سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سٹیل ملز کی پیداواری صلاحیت کو موجودہ سطح سے بڑھا کر تقریباً 30 لاکھ ٹن سالانہ کرنے کیلئے مختلف تجاویز تیار کی جا رہی ہیں، اس مقصد کیلئے پلانٹ اور مشینری کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ ادارے کو عالمی معیار کے مطابق فعال بنایا جا سکے۔ وزارتِ صنعت و پیداوار کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے سلسلے میں چینی اور روسی کمپنیوں کے کنسورشیم نے سٹیل ملز کا دورہ کیا ہے، جہاں ماہرین پلانٹ، مشینری اور مجموعی پیداواری استعداد کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے چین، روس اور دیگر دلچسپی رکھنے والے ممالک کی جانب سے مشترکہ سرمایہ کاری کا امکان بھی موجود ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے قومی سٹیل صنعت کو دوبارہ فعال کیا جائے، ملکی صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔