بجلی چوری کی روک تھام: ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب شروع
07-16-2026
(ویب ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ہائی لائن لاسز والے علاقوں کے ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب کا آغاز کر دیا۔
لیسکو نے متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ رواں ماہ کے دوران مقررہ اہداف کے مطابق سکیننگ میٹرز کی تنصیب مکمل کی جائے۔ حکام کے مطابق سکیننگ میٹرز کے ذریعے ٹرانسفارمر سے منسلک تمام کنکشنز کے استعمال شدہ یونٹس کا مجموعی ریڈنگ سے موازنہ کیا جائے گا، جس سے بجلی چوری کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔ لیسکو کا کہنا ہے کہ اگر سکیننگ میٹر کی ریڈنگ کنکشنز کی مجموعی ریڈنگ سے زیادہ ہوئی تو بجلی چوری کا سراغ لگایا جائے گا، جبکہ اس نظام کے ذریعے ٹرانسفارمرز سے منسلک کنکشنز کی مسلسل نگرانی بھی کی جا سکے گی۔