پنجاب کے 9 اضلاع میں پولیو ٹرانزٹ پوائنٹس فعال، 6 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے

07-16-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کے 9 اضلاع میں پولیو کے خلاف حفاظتی اقدامات کے تحت ٹرانزٹ پوائنٹس فعال کر دیے گئے ہیں، جہاں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا عمل جاری ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق اٹک، بھکر، ڈیرہ غازی خان، لاہور، میانوالی، راولپنڈی، رحیم یار خان، چکوال اور ملتان میں پولیو ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ ان 9 اضلاع کے 15 مقامات پر پولیو ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران ان ٹرانزٹ پوائنٹس پر 6 لاکھ 12 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، جبکہ جون کے مہینے میں ایک لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے دیے گئے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ٹرانزٹ پوائنٹس کے ذریعے سفر کرنے والے بچوں تک رسائی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین سے محروم نہ رہے۔