وزیراعلیٰ مریم نواز نے 5 اضلاع میں گرین الیکٹرک بس منصوبے کا افتتاح کر دیا
07-16-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیہ، چنیوٹ، سیالکوٹ، اوکاڑہ اور مری میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے تمام شہروں اور تحصیلوں میں مرحلہ وار الیکٹرک بسیں چلائی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ عوام کو سستی اور آرام دہ سفری سہولت میسر آ رہی ہے، جبکہ مری میں بھی الیکٹرک بس سروس کا آغاز ایک اہم پیش رفت ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بسوں میں بزرگ شہریوں، خواتین اور طلبہ کے لیے خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی 101 نئی الیکٹرک بسیں بھیجی جا رہی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ حکومت کا ہدف آئندہ پانچ سال کے دوران پنجاب بھر میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں چلانا ہے، جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں پنجاب کے عوام کو مزید جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔