نوازشریف سکول آف ایمیننس کا آغاز، 65 سکولوں میں 71 ہزار سے زائد داخلہ درخواستیں موصول
07-16-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کے نواز شریف سکول آف ایمیننس منصوبے کا کل سے باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز مختلف ڈویژنز کا دورہ کرکے سکول آف ایمیننس کا افتتاح کریں گی۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے ریکارڈ تعداد میں درخواستوں کا موصول ہونا اس منصوبے پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔ ان کے مطابق صوبے کے 65 سکول آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے 71 ہزار سے زائد امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں، جبکہ متعدد نشستوں پر کئی طلبہ ویٹنگ لسٹ میں موجود ہیں۔ رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ سکول آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے غیر معمولی دلچسپی والدین کے سرکاری سکولوں پر بحال ہوتے اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکول عالمی معیار کے مطابق قائم کیے گئے ہیں، جہاں متوسط طبقے کے ساتھ ساتھ صاحبِ حیثیت خاندان بھی اپنے بچوں کو داخل کروانے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ سکول آف ایمیننس میں داخلے مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت ہر ضلع میں سکول آف ایمیننس قائم کیے جا رہے ہیں اور مرحلہ وار اس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق جلد ہی صوبے بھر میں 300 نواز شریف سکول آف ایمیننس مکمل کرکے فعال کر دیے جائیں گے۔