برائلر گوشت کے نرخ میں کمی، قیمت 512 روپے کلو مقرر

07-16-2026

(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر رد و بدل دیکھنے میں آیا ہے۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی اور اس کے گوشت کی قیمت میں کمی کی گئی ہے، جبکہ انڈوں کی قیمت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، برائلر گوشت کی قیمت میں 21 روپے فی کلو کمی کے بعد نئی سرکاری قیمت 512 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، تاہم مختلف پرچون مارکیٹوں میں صاف گوشت 600 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 15 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ ریٹ 325 روپے فی کلو، ہول سیل ریٹ 339 روپے فی کلو جبکہ پرچون مارکیٹ میں زندہ برائلر کی سرکاری قیمت 353 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ اس کمی کے باوجود رواں ماہ کے دوران برائلر گوشت مجموعی طور پر 123 روپے فی کلو تک مہنگا ہو چکا ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں 3 روپے فی درجن اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد سرکاری قیمت 241 روپے فی درجن مقرر کی گئی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی کی قیمت 7 ہزار 110 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ کے دوران انڈوں کی قیمت میں مجموعی طور پر 15 روپے فی درجن اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث صارفین پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔