منڈی بہاؤالدین کیلئے مزید الیکٹرو بسیں لائیں گے: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

07-15-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے ارکانِ صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا اور چوہدری اختر عباس بوسال نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل، سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ارکانِ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کو حلقہ پی پی 42 اور پی پی 43 کے عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز شریف نے پیش کیے گئے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ ملاقات میں ارکانِ اسمبلی نے منڈی بہاؤالدین میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز اور چھوٹے بڑے شہروں کی بیوٹیفکیشن پر وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین سمیت دیگر اضلاع کے لیے مزید الیکٹرو بسیں بھی لائی جا رہی ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی توفیق سے عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو پورا کیا ہے۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 32 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و توسیع سے معاشی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام، سیف سٹی اور ستھرا پنجاب جیسے منصوبوں کی عالمی سطح پر پذیرائی گڈگورننس کی بہترین مثال ہے۔