ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن، 51 ہزار بغیر ہیلمٹ چالان
07-15-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ہیڈ آف ٹریفک پنجاب نے گزشتہ ایک ہفتے سے جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، گزشتہ سات روز کے دوران صوبہ بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والے افراد کے خلاف 51 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کئے گئے، جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر 16 ہزار سے زائد چالان کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق ون وے کی خلاف ورزی کرنے والی 15 ہزار سے زائد گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر 18 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کئے گئے، اسی طرح سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے والے 11 ہزار سے زائد افراد کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا رہی ہے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں، اس لئے شہری محفوظ سفر کیلئے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ انہوں نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے فیلڈ میں متحرک رہیں، پنجاب میں محفوظ سڑکیں اور آسان سفر ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔