پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کے فنڈز بڑھانے کی تجویز

07-15-2026

(لاہور نیوز) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) نے اپنے پارٹنر سکولوں کیلئے فی طالب علم مالی معاونت میں اضافے کی تجویز حکومت پنجاب کو ارسال کر دی۔

ذرائع کے مطابق سمری میں کم از کم فی طالب علم مالی معاونت 2 ہزار روپے مقرر کرنے جبکہ زیادہ سے زیادہ رقم بڑھا کر 2 ہزار 900 روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پیف حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز میں اضافے سے پارٹنر سکولوں کی مالی مشکلات میں کمی آئے گی اور اساتذہ کی تنخواہوں میں بھی اضافہ ممکن ہو سکے گا، اس مقصد کیلئے تمام پارٹنر سکولوں کو اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب سے منظوری ملنے کے بعد نئی مالی معاونت کی شرح کا باقاعدہ اطلاق کر دیا جائے گا۔ پیف حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد پارٹنر سکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ، تعلیمی سہولیات میں بہتری اور اساتذہ کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔