ریس کورس : دو خواجہ سراؤں پر مبینہ تشدد، ایک کی ٹانگ ٹوٹ گئی

07-15-2026

:(لاہور نیوز) ریس کورس تھانے کی حدود میں واقع بستی سیدن شاہ میں دو خواجہ سراؤں پر مبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک خواجہ سرا کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ دوسرے کے چہرے اور جسم پر تشدد کے نشانات آئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں خواجہ سراؤں کو رات گئے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ متاثرہ خواجہ سراؤں کا الزام ہے کہ نشے میں دھت مسلح افراد نے ان پر حملہ کیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے انہیں خوفزدہ کرنے کے لیے فائرنگ بھی کی۔ متاثرہ فریق نے الزام عائد کیا ہے کہ زبیر عرف زینو نے اپنے پانچ ساتھیوں کے ہمراہ انہیں جان سے مارنے کی نیت سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ خواجہ سراؤں کا یہ بھی کہنا ہے کہ درخواست دینے کے باوجود ریس کورس پولیس کی جانب سے تاحال مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ دوسری جانب پولیس کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آ سکا۔ پولیس کا مؤقف سامنے آنے پر خبر کو اس کے مطابق بھی اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔