لاہور پولیس کا گرینڈ آپریشن، 10 ہزار بجلی چور گرفتار، 9 ہزار سے زائد مقدمات درج

07-15-2026

(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے لیسکو کے تعاون سے بجلی چوروں کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن کے دوران مختلف کارروائیوں میں 10 ہزار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر کے مختلف تھانوں میں بجلی چوری کے الزام میں 9 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، جبکہ پولیس اور لیسکو کی مشترکہ ٹیمیں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے بجلی چوری کے خلاف مؤثر کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے لیسکو انتظامیہ کے ساتھ باہمی رابطہ مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ سی سی پی او لاہور نے بجلی چوری کے لیے استعمال ہونے والی غیر قانونی ڈیوائسز تیار کرنے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوری سے متعلق زیرِ تفتیش مقدمات کو تیز رفتاری سے منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ اس غیر قانونی عمل کی مؤثر حوصلہ شکنی ہو سکے۔