برائلر گوشت کے نرخ بڑھ گئے، قیمت 533 روپے کلو مقرر

07-15-2026

(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد برائلر گوشت، زندہ مرغی اور انڈوں کے نرخ بڑھ گئے ہیں۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت میں 28 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 533 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں صاف گوشت 650 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 20 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کا ریٹ 340 روپے فی کلو، ہول سیل مارکیٹ میں 354 روپے فی کلو جبکہ پرچون بازار میں 368 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ کے دوران برائلر گوشت کی قیمت میں مجموعی طور پر 123 روپے فی کلو تک اضافہ ہو چکا ہے، جس سے صارفین پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑا ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی 3 روپے فی درجن اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد انڈوں کی نئی قیمت 238 روپے فی درجن مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 7 ہزار 20 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔