گورنرسردار سلیم حیدرکی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی آمد، بجٹ اور اہم پالیسی فیصلوں کی منظوری

07-15-2026

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز اور فیکلٹی اراکین نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران گورنر پنجاب نے یونیورسٹی میں جدید پوسٹ مارٹم رومز اور سووینئر شاپ کا افتتاح کیا، جبکہ انہیں مختلف میڈیکل شعبہ جات کا بھی دورہ کرایا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق بھی موجود تھے۔ بعد ازاں گورنر پنجاب نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 19ویں سینیٹ اجلاس کی صدارت کی، جس میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ سمیت متعدد اہم پالیسی فیصلوں کی متفقہ منظوری دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے طبی تعلیم اور تحقیق کے فروغ میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تعلیمی اداروں میں میرٹ کا نفاذ اور تحقیق و ترقی کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طب کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی اور جدید رجحانات سے آگاہی ناگزیر ہے، اور حکومت یونیورسٹی کی ترقی اور جدید طبی تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔