خاتون کو شادی پر مجبور کرنے کی مبینہ کوشش، انکار پر آتش گیر حملہ

07-15-2026

(لاہور نیوز) والٹن روڈ پر شادی سے انکار پر ایک مبینہ ناکام عاشق نے خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک کر اسے آگ لگا دی۔

اس واقعے کے نتیجے میں خاتون جھلس کر زخمی ہو گئی، جبکہ ملزم بھی آگ کی لپیٹ میں آ کر زخمی ہو گیا، دونوں کو فوری طور پر جناح ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں  نے متاثرہ خاتون سے ملاقات کی، اس کی خیریت دریافت کی اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی، انہوں نے ایم ایس، ڈاکٹروں اور ہسپتال انتظامیہ سے علاج سے متعلق بریفنگ بھی لی اور ہدایت کی کہ متاثرہ خاتون کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ علاج میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حنا پرویز بٹ کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ فیکٹری ایریا میں درج کر لیا گیا ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق متاثرہ خاتون اپنے چار سالہ بیٹے کو مدرسے میں داخل کروانے جا رہی تھی کہ گلی میں ملزم  نے اسے روک کر ہراساں کرنا شروع کر دیا، خاتون کے شور مچانے پر ملزم  نے اس پر آتش گیر مادہ پھینک دیا، جس سے اس کے چہرے، بال اور جسم کے مختلف حصے جھلس گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم پہلے دو شادیاں کر چکا تھا اور دونوں بیویاں اس سے ناراض ہو کر میکے جا چکی تھیں، بعد ازاں ملزم  نے اپنی پڑوسی، جو تین بچوں کی ماں ہے، سے دوستی کی اور اس پر خلع  لے کر شادی کرنے کیلئے دباؤ ڈالتا رہا، خاتون کے انکار پر ملزم  نے مبینہ طور پر یہ حملہ کیا۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا، دباؤ ڈالنا یا شادی پر مجبور کرنا ناقابل برداشت جرم ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح مؤقف ہے کہ خواتین حکومت کی ریڈ لائن ہیں، اور خواتین پر تشدد کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ خاتون کو قانونی، طبی اور ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔