منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ملزمان گرفتار، 1460 گرام آئس برآمد

07-15-2026

(لاہور نیوز) ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔

پولیس نے خفیہ اطلاع پر مختلف مقامات پر چیکنگ کے دوران کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ بدنام زمانہ منشیات فروشوں، ریاض اور عامر کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 1460 گرام آئس برآمد کی گئی، ابتدائی تفتیش میں ملزمان  نے اعتراف کیا کہ وہ آن لائن رابطوں کے ذریعے مختلف علاقوں میں نوجوانوں کو لوکیشن پر جا کر منشیات فراہم کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں اور اس نیٹ ورک کے تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ایس پی کینٹ اختر نواز  نے کہا کہ نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیلنے والے منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔