پنجاب میں 16سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ

07-14-2026

(لاہور نیوز) حکومت نے صوبہ پنجاب میں 16سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ کر لیا۔

 بچوں کو محفوظ اور مثبت ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے  اہم قانون سازی کا فیصلہ کر لیا، پنجاب اسمبلی میں سولہ (16) سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کی قرارداد جمع  ہوگئی ۔  قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے مؤثر ریگولیٹری اور نگرانی کا نظام وضع کرنے کی سفارش کی، 16 سال سےکم عمر بچوں کے محفوظ ڈیجیٹل مستقبل اور آن لائن تحفظ کے لیے پنجاب اسمبلی میں اہم قرارداد پیش کی گئی۔ چیئرپرسن سارہ احمد کے مطابق  ہر بچے کو محفوظ بچپن اور محفوظ ڈیجیٹل مستقبل فراہم کیا جائے گا، بچوں کو سوشل میڈیا کے مضر اثرات، سائبر بُلنگ، آن لائن استحصال اور غیر اخلاقی مواد سے محفوظ بنانا ریاست کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے، قرارداد میں سولہ سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے استعمال سے متعلق مؤثر قانونی اقدامات اور عمر کی تصدیق کا نظام متعارف کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔ دنیا کے متعدد ممالک، جن میں آسٹریلیا، فرانس، چین اور امریکہ کی مختلف ریاستیں شامل ہیں، کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق قوانین اور عمر کی پابندیاں متعارف کرا چکے ہیں، بین الاقوامی رجحانات کے پیشِ نظر پاکستان میں بھی کم عمر بچوں کے محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کے لیے مؤثر قانون سازی ناگزیر ہے۔