کل سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہو گا

07-14-2026

(لاہور نیوز) کل بدھ 15 جولائی کو سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا جس کے باعث خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہو جائےگا۔

جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق بدھ کے روز مکہ مکرمہ کے وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر سورج خانہ کعبہ کے اوپر 90 ڈگری کے زاویے پر ہوگا۔ اس صورت حال میں سورج خانہ کعبہ کے متوازی یعنی ایک ہی خط عمود پر آجائے گا جس کی وجہ سے خانہ کعبہ کا سایہ دکھائی نہیں دےگا۔ سورج کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے سے پوری دنیا کے مسلمان قبلے کی سمت کا درست تعین قطب نما کے بغیر بھی کر سکتے ہیں، واضح رہے کہ سال میں دو بار سورج خانہ کعبہ کے ٹھیک اوپر آتا ہے۔ ایک تار پر رسی لٹکا دیں  یا کوئی سٹک کھڑی کردیں تو  اس کے  سائے سے  کعبے کا تعین باآسانی کیا جاسکتا ہے، کیونکہ  سورج کعبہ کے عین اوپر ہوگا اور جس رخ پر سایہ آئے گا  اس طرف سے  کعبہ کا علم ہو جائے گا۔