غازی آباد، چور گھر سے 20 لاکھ روپے کا سونا لوٹ کر فرار

07-14-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں چوری کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم چور گھروں اور ایک گودام سے لاکھوں روپے مالیت کا سونا، نقدی اور دیگر قیمتی سامان  لے اڑے، جبکہ متاثرہ شہریوں  نے پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ غازی آباد کے علاقے میں مسرت شاہین کے گھر سے نامعلوم چور مبینہ طور پر تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کر کے فرار ہو گئے، ایف آئی آر کے مطابق چوروں  نے گھر میں داخل ہو کر تجوری کے تالے توڑے اور تقریباً چھ تولے سونا ساتھ لے گئے۔ ادھر ہنجروال میں نوید کے گھر کو بھی چوروں  نے اس وقت نشانہ بنایا جب اہل خانہ گھر پر موجود نہیں تھے، پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق چور مرکزی گیٹ اور الماریوں کے تالے توڑ کر گھر سے راڈو گھڑیاں، آدھا تولہ سونا اور دیگر قیمتی سامان چرا کر فرار ہو گئے، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی گئی ہے۔ باغبانپورہ کے علاقے میں عادل ظہور کے گودام سے بھی چور تقریباً پانچ لاکھ روپے مالیت کا الیکٹریکل پینلز کا سامان چوری کر کے  لے گئے، ایف آئی آر کے مطابق واردات کے دوران گودام کے تالے توڑے گئے۔ دوسری جانب گلبرگ میں بھی نامعلوم چور آصف کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات لے گئے۔